امیر اہلسنت کی دینی خدمات

مدینۃُالاولیاء ملتان شریف   (پاکستان)   میں   واقِع صَحرائے مدینہ کے کثیر رقبے پر ہر سال تین دن کا بینَ الاقوامی سُنّتوں   بھرا اِجْتِمَاع ہوتا ہے۔   ([1]جس میں   دنیا کے کئی ملکوں   سے مَدَنی قافِلے شرکت کرتے ہیں  ۔ بِلا شُبہ یہ عاشقانِ رسول کا حج کے بعد سب سے بڑا اِجْتِمَاع ہوتا ہے۔ صَحرائے مدینہ مدینۃُ الاولیاء   (ملتان)   اور صحرائے مدینہ بابُ المدینہ   (کراچی)   کا کثیر رقبہ دعوتِ اسلامی کی مِلکیَّت ہے۔ ان اجتماعات سے کئی ماہ پہلے ہی تیاریاں   شروع ہو جاتی ہیں  ،  اِجْتِمَاع کے انتظام و انصرام کے لیے مُتَعَدِّد  مجالس قائم کر کے ان میں   مختلف کام تقسیم کر دیئے جاتے ہیں  ۔ وسیع و عریض میدانوں   کو ہموار کر کے خیمے لگائے جاتے ہیں   بجلی کے پول اور ٹرانسفارمرز کی ترکیب بنائی جاتی ہے۔ اس طرح خیموں   کا عارضی شہر آباد ہو جاتا ہے۔ شرکا کے لیے بازار قائم کیا جاتا ہے جس میں   خورد و نوش اور کتابوں   کے بستے قائم کیے جاتے ہیں   اجتماع میں   ایک جدول کے مطابق بیانات اور سنتیں   سیکھنے سکھانے کے حلقے لگائے جاتے ہیں  ،  آخری دن خصوصی نشست ہوتی ہے جس میں   تلاوت و نعت،  سنتوں   بھرا بیان اور ذکر ہوتا ہے اور آخر میں   خصوصی دعا کی جاتی ہے جس میں   شرکا رو رو کر اپنے گناہوں   سے توبہ کرتے ہیں  ۔ اجتماع کے اختتام پر بے شمار اسلامی بھائی 30دن،  12دن اور تین تین دن کے مدنی قافلوں   میں   سفر کرتے ہیں  ۔

اللہ  کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں   میں

اے دعوتِ اسلامی تیری دھوم مچی ہو !

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

٭٭٭٭

  (5 ذِمّہ داران کے تربیَّتی اجتماعات

پیارے اسلامی بھائیو! دعوتِ اسلامی ایک تحریک ہے اور تحریکیں   ہمیشہ حرکت میں   رہتی ہیں   جیسا کہ منقول ہے: حرکت میں   برکت ہوتی ہے۔ کیونکہ اگر تحریک کے بعض افراد سستی کا شکار ہو جائیں   تو اس کو بہت نقصان ہوتا ہے۔ جیسا کہ بڑے بڑے لکڑی کے شَہْتِیروں   کو اپنی جگہ قائم رکھنے کے لیے چھوٹی چھوٹی مِیخَیں   استعمال ہوتی ہیں   اگر کچھ میخیں   ٹوٹ جائیں   تو اس شَہْتِیر کے لیے اپنا توازن برقرار رکھنا کافی مشکل ہو جاتا ہے بلکہ بعض اوقات تو کافی نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے۔

شیخ طریقت،  امیر اَہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اسلامی بھائیوں   اور اسلامی بہنوں   کی تربیت کے لیے ہفتہ وار،  صوبائی اور بین الاقوامی سنتوں   بھرے اجتماعات کا اہتمام کیا تو اس کے ساتھ ساتھ دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران کی مدنی تربیت کے لیے بھی ایک خاص لائحہ عمل تیار کیا۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ  ملک و بیرونِ ملک میں   ذمّے داران کے دو /تین دن کے تربیتی اجتماعات مُنْعَقِد کئے جاتے ہیں   جن میں   ہزاروں   ذمّے داران شرکت کر کے مَدَنی کام کو مزید بہتر سے بہتر انداز میں   کرنے کا عزم کرتے ہیں   اور شیخ طریقت،  امیر اَہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی دعاؤں   کے سائے میں   نئی امنگوں  ،  تازہ ولولوں   اور جذبوں   کے ساتھ نیکی کی دعوت کی دھومیں   مچانے کی اچھی اچھی نیتیں   لے کر اپنے حلقوں   میں   واپس لوٹتے ہیں  ۔

دعوتِ اسلامی کی قیّوم

سارے جہاں   میں   مچ جائے دُھوم

اِس پہ فِدا ہو بچّہ بچّہ

یا اللہ  میری جھولی بھر دے

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

 



[1]    تبلیغِ قراٰن و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کا یہ بین الاقوامی اجتماع 1982 تا 1993  باب المدینہ (کراچی) میں ہوتا رہا ۔ پھر مدینۃ الاولیاء (ملتان) میں منتقل ہو گیا۔ مگر چند سالوں سے پاکستان کے موجودہ حالات کی حساسیت کے پیشِ نظر یہ بین الاقوامی اجتماع نہیں ہو رہا۔

Index